جڑواں شہروں سے موسمی فلْو کے686 کیسز کے نمونے این آئی ایچ بھیجے گئے
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)موسمی فلْو کی صورتحال پر قومی ادارہ صحت کی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت اور قومی ادارہ صحت نے انفلوئنزا اے ایچ ون این ون کو 2010میں موسمی فلْو قرار دیاتھا۔رواں سیزن میں ملک کے اکثر علاقوں خصوصا جنوبی پنجاب سے انفلوئنزا کے کیسز سامنے آئے ہیں ،قومی ادارہ صحت نے جڑواں شہروں کا رواں سیزن کا ڈیٹا جاری کردیا ۔موسمی فلْو کے رواں سیزن کا آغاز نومبر2017سے ہوا،راولپنڈی اسلام آباد سے موسمی فلْو کے686 کیسز کے نمونے این آئی ایچ بھیجے گئے ،133مثبت پائے گئے قومی ادرہ صحت وفاقی سطح پر موسمی فلْو کی تشخیص کے لیے فری ٹیسٹ کی سہولت مہیا کررہاہے،قومی ادارہ صحت کی ملک بھر میں 7فری لیبارٹریزکام کررہی ہیں،اسلام آباد ،کراچی،لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، گلگت اور مظفرآباد میں تشخیصی لیبارٹریزقائم ہیں۔قومی ادارہ صحت رواں سیزن میں دو ایڈوائزر یاں جاری کرچکاہے۔ملک بھر میں محکمہ صحت سے وابستہ افرادکی آگاہی اور تربیت کے لئے پوسٹرزاورمراسلے جاری کرچکاہے۔مختلف سرکاری ونجی ہسپتالوں میں تربیتی ورکشاپس اورسیمینارزکااہتمام بھی کیا گیا۔بزرگ، کم عمر ،موٹاپے کا شکار افراد اور حاملہ خواتین انفلوئنزا کا شکار ہوتے ہیں ، فلْو کی روک تھام سالانہ ویکسینیشن ہاتھوں کی صفائی اور ماسک کے استعمال سے ممکن ہے۔