بھارتی فائرنگ سے لڑکا شہید‘3 افراد زخمی‘ عالمی عدالت میں مقدمہ درج کرایا جائے: ایمنسٹی
کوٹلی+اسلام آباد (صباح نیوز+ آن لائن+نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فورسز نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نکیال سیکٹر میں شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 13 سالہ لڑکا شہید جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ شیلنگ دو گھنٹے تک جاری رہی، جس کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔ بھارتی گولہ باری سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ ایلیمنٹری بورڈ کوٹلی کا پانچویں کلاس کا امتحان طلبا و طالبات گولہ باری سے شدید خوف و ہراس میں نہ دے سکے۔ پاک افواج کی جوابی کارروائی سے بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں، بھارتی فوجی چوکیاں چھوڑ کر پیچھے کی طرف فرار ہو گئے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام کھلا خط لکھا گیا جس میں کہا گیا بھارت کی جانب سے مسلسل آزادکشمیر کی لائن آف کنٹرول پر گولہ باری اور فائرنگ سے سول آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے، جبکہ سکول کے طلبا و طالبات کو بھی ٹارگٹ بناکر موت کے گھاٹ اتارا گیا جو کہ انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔ بھارت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرکے جمہوریت کے تمام دعوے جھوٹے ثابت کررہا ہے۔ دو سالوں سے مسلسل آزادکشمیر کے لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔ فوری طور پر عالمی عدالت انصاف میں باقاعدہ مقدمہ درج کریں تاکہ بھارت انسانی حقوق کی خلاف ورزی بند کرے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی پر بھارت سے احتجاج کیا۔ ڈی جی سائوتھ ایشیا سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔ بھارت نے اس سال فائر بندی کی 400 سے زائد خلاف ورزیاں کیں۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے اس سال 18 شہری شہید اور 68 زخمی ہوچکے۔کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے لائن آف کنٹرول پر چھمب سیکٹر پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور بھارتی اشتعال انگیزیوں کے موثر جواب پر 10 کور کے جوانوں کے جذبے کو سراہا۔