ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کیلئے انٹرپرنیورز کی ضرورت،سہیل الطاف
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے زیر اہتمام تیسرے سالانہ جاب فئیر سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب کے چیف بزنس ایڈوائزر سہیل الطاف نے کہا کہ اڑھائی کروڑ کی آبادی میں سے 50 فیصد سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے لیکن معیشت میں خواتین کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہمارے ملک میں انتہائی ذہین اور قابل لوگ موجود ہیں لیکن وہ اپنے لیے صحیح سمت کا تعین نہیں کر پاتے۔ ہمیں انٹرپرنیورز کی ضرورت ہے تاکہ ملازمت کے بھرپور مواقع پیدا کئے جا سکیں اور ایکسپورٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کل انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے جس میں ہماری طالبات کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے ضرورت ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال اپنی کاوشوں سے انتہائی قلیل مدت میں ایک نئی یونیورسٹی کو بڑی یونیورسٹیوں کی صف میں لا کھڑا کرنے میں کافی حد تک کامیاب رہی ۔ وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاب فئیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے مابین روابط کو مضبوط کرنے کے لیے جاب فئیر ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔