زندگی بچانے اور معیشت کی مضبوطی کیلئے تمباکو پر ٹیکسز میں اضافہ ضروری ہے، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)سابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ تمباکو کی وبا کے خاتمے کیلئے صحت عامہ کی مداخلت، مضبوط تمباکو کنٹرول پالیسی اور آگاہی مہم جیسی جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، سگریٹ کی کم قیمتیں بچوں اور نوجوانوں کی سگریٹ نوشی شروع کرنے کی بڑی وجہ ہیں۔ پاکستان تمباکو نوشی سے متعلق بیماریوں سے ہونے والے معاشی نقصانات کو کم کر سکتا ہے- انہوں نے ان خیالات کا اظہار بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ(سپارک) کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سابق نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے  مالی سال 25-2024 کے لیے تمباکو پر ٹیکس میں فوری اضافے کا مطالبہ کیا۔ کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز کے کنٹری ہیڈ ملک عمران احمد نے بتایا کہ 24-2023 کے لیے سگریٹ پر جنرل سیلز ٹیکس(جی ایس ٹی) کی مد میں 60 ارب روپے اضافی حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ایف ای ڈی اور جی ایس ٹی کے مشترکہ اثرات کا تخمینہ لگ بھگ 88 ارب روپے ہے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریبا 49 فیصد کی غیر معمولی نمو کو ظاہر کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن