کامیاب جوان پروگرام سے چھوٹے کاروبار کو فروغ ملے گا :عثمان ڈار
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سے چھوٹے کاروبار کو فروغ ملے گا ۔
گجرات میں ایوان ہائے صنعت و تجارت میں کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ گجرات، گوجرانوالہ،سیالکوٹ کے تاجروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہے ہیں اور کامیاب جوان پروگرام میں گجرات کے کاروباری نوجوانوں کے لئے بھی تمام مواقع ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے پہلے فیز میں ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو روزگار دیں گے اور پروگرام کے تحت 1.5 ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں.
گجرات ریجن کے 10ہزار سے زائد نوجوانوں نے خود رجسٹرڈ کیا ہے، نوجوانوں کو اپنی شخصی ضمانت پر 3فیصد مارک اپ پر قرض دینے جا رہے ہیں، کامیاب جواب پروگرام سے چھوٹے کاروبار کو فروغ ملے گا۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر قرض فراہم کئے جا رہے ہیں، ٹائیگر فورس یونین کونسل کی سطح پر کام کر رہی ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع کی فراہم کیلئے پرعزم ہیں۔