وفاقی‘ صوبائی کابینہ میں شمولیت کا فیصلہ پنجاب کا شیئر دیکھ کر کریں گے: گیلانی

ملتان‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مناسب سپیس  دی گئی تو پھر کابینہ میں شامل ہونے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام چاہتی ہے۔ وہ لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں کی طرف سے والہانہ استقبال کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رھے تھے۔ اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ 3 مینارٹی ونگ لاہور چوہدری عاصم، نائب صدر مینارٹی ونگ پنجاب ڈیوڈ سندھو، یونس شہزاد وقاص منشاء پرنس، ڈپٹی ایڈیشنل سیکرٹری منیر پیارا، نائب صدر مینارٹی ونگ لاہور یونس کھوکھر، عمران پال، عابد سندھو، ڈاکٹر یعقوب پال، طاہر پرویز کھوکھر، یونس بھٹی، دانیل کھوکھر، اسحاق فیضان، محی الدین اور دیگر پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی اور صوبائی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ پنجاب کا شئیر دیکھ کر کرے گی۔ ہتک عزت بل پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمن بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ صحافیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ نومنتخب رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی، رکن قومی اسمبلی علی قادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر سید حیدر گیلانی بھی ہمراہ تھے۔ قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کی ڈیفنس میں اپنی رہائشگاہ آمد کے موقع پر جیالوں کا بینڈ باجے  سے استقبال کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا نے یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادوں کا شاندار استقبال کیا۔ علی قاسم گیلانی نے کہا کہ ایڈون سہوترا، بشارت بشی اور دیگر کارکنان کی کاوشوں کا شکر گزار ہوں۔ ایڈون سہوترا نے کہا کہ پارٹی قیادت کی حوصلہ افزائی سے کارکنان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا۔ دریں اثناء سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہونا چاہئے۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ‘ اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر اہم سیاسی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے آئندہ بجٹ کو عوام دوست بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معاشی خوشحالی ملک میں سیاسی استحکام سے منسلک ہے‘ معاشی استحکام کے بغیر عوام کی حالت بہتر نہیں ہو سکتی۔

ای پیپر دی نیشن