گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کمپلیکس کی تعمیر میں تقدس مقدم ہوگا
لاہور (خالد بہزاد ہاشمی/ فیملی میگزین رپورٹ) گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور صاحب کے گرنتھی سردار گوبند سنگھ نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کے حوالے سے کہا ہے کہ سدھو جی نے کرتارپور کوریڈور کے ترقیاتی کاموں کے دوران گوردوارہ دربار صاحب کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھنے کی جانب جو توجہ دلائی ہے اس کا ادب و تقدس پہلے ہی مقدم رکھا جا رہا ہے۔ فیملی میگزین‘ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو میں گرنتھی سردار گوبند سنگھ نے کہا کہ بابا جی مہاراج گورونانک سرکار نے کرتارپور میں اپنی مبارک زندگی کے 18 سال بسر کئے اور یہاں 104 ایکڑ رقبہ کاشت کیا۔ اس تمام رقبہ پر موجود کھیتوں سے اناج‘ چاول‘ سبزیاں تیار ہوتی ہیں جو آج پانچ سو سال بعد بھی بابا جی مہاراج گورونانک صاحب کی حیات کی طرح لنگر میں استعمال ہوتی ہیں اور زائرین تناول کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوردوارہ دربار صاحب کیلئے کل گیارہ سوایکڑ زمین حاصل کی جا رہی ہے۔ جو لوگ اس اراضی پر بیٹھے ہیں‘ انہیں مقررہ ریٹ ادا کیا جائے گا اور نئی جگہ پر رہائش بنا کر دی جائیں گی۔ گوردوارہ دربار صاحب کے چاروں جانب چار سو فٹ جگہ خالی کی جا رہی ہے اور مقررہ ڈیزائن کے مطابق وہاں بارہ دری بھی بنائی جائے گی جبکہ چاروں جانب کھیتوں میں آم‘ امرود اور دیگر پھلوں کے باغات اور سبزیاں اگائی جائیں گی جو زائرین کے لنگر میں استعمال ہونگی۔ گرنتھی سردار گوبند سنگھ نے بتایا دونوں فیز کی نگرانی پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی‘ متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری طارق وزیرخان‘ ڈپٹی سیکرٹری (شرائن) عمران خان گوندل اور گوردوارہ صاحب کے گرنتھی کی حیثیت سے میرے ذمہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دربار صاحب کی حدود میں دربار پرانا لنگر‘ رہائشی کمرے گرائے جا رہے ہیں اور نومبر میں بابا جی گورونانک صاحب کے 550 ویں جنم دن پر کرتارپور کوریڈور کا تحفہ دنیا بھر کے سکھ زائرین کو پیش کیا جائے گا۔ اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ کھیتوں کا تیس سے چالیس فیصد کام مکمل ہے۔ راوی پر نئے پل کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بڑا لنگر ہال‘ سرائے‘ ہوٹل‘ سٹاف رومز‘ پارکنگ‘ پبلک ٹوائلٹ اور دیگر ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ گرنتھی سردار گوبند سنگھ کا یہ انٹرویو فیملی میگزین کے 3 تا 9 فروری کے شمارے میں شائع ہوگا۔