ناموس رسالت قانون کے تحفظ کےلیے پندرہ دینی اورسیاسی جماعتوں نے اکتیس دسمبرکو ملک گیر ہڑتال کی کامیابی کےلیے کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔
جمعیت علماء اسلام کےزیر اہتمام عالمی مجلس تحفظ ناموس رسالت قانون کے تحفظ کے لیے ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں جماعت اسلامی ،جے یوپی ، مسلم لیگ قاف ، جمعیت اہلحدیث سمیت مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ناموس رسالت قانون میں ترامیم کی حکومتی کوششوں کے خلاف مزاحمتی لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اے پی سی کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہ تحفظ ناموس رسالت محاذ کی اپیل پر جمعہ اکتیس دسمبرکو ملک گیرہڑتال کو کامیاب بنانے کےلیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ کراچی سمیت ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے اورجلسے کیے جائیں گے کراچی میں تبت سینٹرپر مرکزی جلسہ ہوگا جس سے سیاسی اوردینی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔