مسلم لیگ ن کی حکومت نے قرضے لیکر آنیوالی نسلوں کو مقروض کر دیا،ملک کی معاشی ابتری کے ذمے دار اسحاق ڈار ہیں:وزیراطلاعات فوادچودھری
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے سابقہ حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں جاری مالیاتی خسارہ پانچ گنا بڑھا، زرمبادلہ کے ذخائر صرف ڈیڑھ ماہ کے رہ گئے ہیں، کیا ملکی قرضوں میں اضافے کی ذمے دارموجودہ حکومت ہے، قرضوں کی وجہ سے امیر، امیر تر اور غریب، غریب تر ہوتا جا رہا ہے. فوادچودھری کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی ابتری کے ذمے دار اسحاق ڈار ہیں، گزشتہ حکومت نے مہنگے ترین قرضے لیکرکھلونے بنائے ، پنجاب میں میٹرو بسیں چلانے کیلئے صوبائی حکومت کو 8ارب روپے چاہیئں،میٹرو ٹرین چلانے کیلئے ہر سال 20ارب روپے درکار ہونگے. فواد چودھری نے کہا کہ قومی اداروں کی بری حالت ہے ، تنخواہوں اور پنشن کے پیسے نہیں ،کوشش کی ہے کہ اصلاحات لائیں ، سبسڈی صرف غریب کو دینے کی کوشش کی ،امیر لوگوں کو ٹیکس دینا پڑے گا .وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کسی وزیراعظم نے ایسے اقدامات نہیں کیے جوعمران خان نے کیے، عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کو چلائیں گے، وزیراعظم عمران خان کی تبدیلی کا ایک ایک وعدہ پورا کرینگے۔