اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کردی، جس کے حوالے سے وزارتِ خزانہ نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
پٹرول کے ساتھ ساتھ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 15 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹرکمی کے بعد نئی قیمت 96 روپے 60 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 107 روپے 25 پیسے پر آ گئی جبکہ مٹی کا تیل سستا ہونے کے بعد 77 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی وزیرِ اعظم عمران خان کے ریلیف پیکیج کا حصہ ہے ۔ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔