فلپائن: یونیورسٹی کی تقریب میں فائرنگ‘ سابق میئر سمیت 3 افراد ہلاک
منیلا (نوائے وقت رپورٹ) فلپائن کی ایک یونیورسٹی میں ایک شخص نے تقریب تقسیم اسناد میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک سابق میئر کو قتل کر دیا جب کہ فائرنگ سے مزید دو افراد بھی ہلاک ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا واقعہ فلپائن کی اٹینیو دی منیلا یونیورسٹی میں پیش آیا۔ فائرنگ کے وقت قانون کے طلباء کی گریجویشن کی تقریب جاری تھی اور والدین سمیت کئی سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں سابق میئر اور ایک سکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے جب کہ تیسرے شخص کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ حملہ آور کو تعاقب کے بعد پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم اس کا تعلق لامیتان شہر سے ہے جو شدت پسند مذہبی تنظیموں کا گڑھ سمجھا جاتا اور بالخصوص ابوسیاف کے داعش سے تعلقات بھی ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
فلپائن/ 3 ہلاک