لاہور: ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، 5315موٹر سائیکل سواروں کو جرمانہ
لاہور: سٹی ٹریفک پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی پاسداری اور ان پر عملدرآمد کیلئے ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغازکر دیا،کریک ڈاؤن کے پہلے ہی روز فرسٹ شفٹ میں مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ1276موٹر سائیکل سواروں کو بھاری جرمانے کئے گئے جبکہ مجموعی طور پر لاہور میں فرسٹ شفٹ میں5315بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلوں کیخلاف کارروائی کی گئی۔سب سے زیادہ کارروائی ڈی ایس پی انارکلی سرکل اقبال حمید نے کی جس میں8سو موٹر سائیکلسٹ کو چالان ٹکٹ دیئے گئے۔ سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ روکنے کئے 32مقامات پر بیریئر لگائے گئے جبکہ ٹریفک سیکٹر ڈیوٹی کے علاوہ اضافی42وارڈنز تعینات بھی کئے گئے،مال روڈ پر تمام انٹری پوائنٹس مال روڈ پرٹریفک آگاہی بینرز بھی آویزں کئے گئے،سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے شہریوں کو بھرپور آگاہی دینے پرالیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ حادثات سے بچاؤ مہم میں مثبت کردار ادا کریں،شہری اپنی جان کی حفاظت کیلئے ہیلمٹ لازمی استعمال کریں۔مال روڈ پر کریک ڈاؤن کے دوران بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پولیس کانسٹیبل کو بھی بھاری جرمانہ کیا گیا۔