17 سال پرانا مقدمہ، دہشت گردی کے مجرم کو 51 برس قید، 71 ہزار روپے جرمانہ
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ایوب خان مارتھ نے کالعدم تنظیم کے رہنما شبیر فوجی کو بارودی مواد برآمد ہونے کے 17سال پرانے مقدمہ میں 51 سال قید اور 71ہزار روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ استغاثہ کے مطابق ایک کالعدم تنظیم کے رہنما شبیر فوجی کے قبضہ سے ہینڈ گرنیڈ، کلا شنکوف، پستول اور دیگر بارودی مواد برآمد ہونے پر اس کے خلاف مغلپورہ پولیس نے مقدمہ نمبر 485/97 بجرم 13/13-B اور 7-ATA کے تحت درج کرنے کے بعد تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل کے قریب ہائی سکیورٹی زون میں ہینڈ گرنیڈ، بلٹ پروف جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد، ناجائز اسلحہ و دیگر سامان برآمد ہونے کا جرم ثابت ہونے پر ملزم شبیر حسین عرف علی فوجی کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت 51 برس قید اور 71 ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ فاضل جج نے اپنے فیصلہ میں قرار دیا ہے کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔ ملزم کے خلاف تھانہ مغلپورہ پولیس نے1997ء میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے مقدمہ درج کیا تھا۔