محاصرے ، تلاشی کرروائیاں جاری ، مزید 2 نوجوان گرفتار
نیویارک، سری نگر(کے پی آئی) سری نگر(کے پی آئی)بھارتی فوج نے شمالی کشمیر کے سوپور قصبے سے دو کشمیری نوجوانوں کوگرفتار کرلیا ہے ۔بھارتی فوج نے نوجوانوں کو قصبے کے علاقے بوٹینگو میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ فوج نے نوجوانوں کے قبضے سے مبینہ طورپر مشتبہ مواد برآمد کرنے کا بھی دعوی کیا ہے ۔دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) نے انکشاف کیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں 15 ہزار کشمیری نوجوان جبری اغوا کے بعد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے جموں وکشمیر کے وزرا خارجہ کا اجلاس نیویارک میں اقوام متحدہ کی 77ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی زیر صدارت ہوا۔جبکہ مغربی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں تین سنیما گھر کھول دئیے ہیں۔ ایسا شاید پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی خطے میں بھارتی حکومت نے خود سنیما گھر چلانے کے لیے تھیٹر کی تعمیر شروعی ہو۔ نئی دہلی میں ایک سینیئر کشمیری صحافی نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈی ڈبلیو سے بات چیت میں کہا، یہ دراصل بالی وڈ کو مقبوضہ علاقوں تک پہنچانے کی بھی ایک کوشش ہے۔ یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ اب بھارت فلموں کے ذریعے کشمیر کو ضم کرنے کی ایک نئی طرح کی کوشش کرنے کی پہل کر رہا ہے۔