نظریہ پاکستان رابطہ کونسل، جماعۃ الدعوۃ کے زیراہتمام آج ملک گیر ریلیاں، کانفرنسیں ہونگی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نظریہ پاکستان رابطہ کونسل اور جماعۃ الدعوۃ کے زیراہتمام آج 23 مارچ کو ملک بھر میں نظریہ پاکستان کانفرنسوں، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائیگا جن میں ملک بھر کی مذہبی، سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ لاہور میں مسجد شہداء مال روڈ پربڑی نظریہ پاکستان کانفرنس ہو گی جس میں شہر بھر سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ء والے جذبے پیدا کرکے ہی وطن عزیز پاکستان کیخلاف بیرونی سازشوں کوناکام بنایا جاسکتا ہے۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے نظریہ پاکستان کے حوالے سے ہونیوالے پروگراموں میں طلبائ، وکلاء ، تاجروں، کسانوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ سب سے بڑا پروگرام آج لاہور میںمسجد شہداء مال روڈ پر ہوگا۔ لاہورکی طرح ملک بھر کے دیگر شہروں و علاقوںمیں بھی نظریہ پاکستان مارچ، جلسے اورکانفرنسیں ہوں گی۔ علاوہ ازیں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں، وکلاء اور تاجر تنظیموں کے رہنمائوں نے نظریہ پاکستان رابطہ کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے زیراہتمام نظریہ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ پر اتحاد پاکستان کو درپیش مسائل کاحل ہے، نظریہ پاکستان کے احیاء اور تحفظ کی ملک گیر عوامی تحریک کا آغاز ہوچکا ہے۔ مسلم لیگ کی حکومت میں حقوق نسواں بل سمیت دیگر غیراسلامی اقدامات کا ہونا افسوسناک ہے۔ پاکستان کو لبرل ملک بنانے کی کوششوں کا ہرسطح پرمقابلہ کریں گے۔ ملک میں امن کیلئے ایک بار پھر قیام پاکستان والے جذبے پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ حافظ محمدسعید کی قیادت میں نظریہ پاکستان کی تحریک گلی، محلے کی سطح پر چلائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، محمد یعقوب شیخ، پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر جاوید صدیقی، سید اطہر شاہ بخاری، عظیم الحق پیرزادہ، مسلم لیگ (ن)کے رہنما حمزہ شاہد لودھی، تحریک منہاج القرآن کے رہنما علامہ سعید فاروقی، اللہ دتہ کاشف، ایوب مغل، علامہ عنایت اللہ رحمانی، مفتی عبدالرحمن شاہین، میاں عبدالمجید، آل پاکستان پاورلومز ایسوسی ایشن کے یوسف انصاری، معروف طارق خان، حافظ عبدالغفار، الشیخ عبدالطیف، میاں سہیل احمد دیگر نے پرانا بہاولپور روڈ پر واقع مقامی ہوٹل میں یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تحفظ نظریہ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کی طرف سے قصور، وہاڑی، لیہ اور دیگر شہروں میں بھی نظریہ پاکستان کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسرحافظ محمد سعید نے ملتان میں ہونیو الے نظریہ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلمہ طیبہ پر اتحاد پاکستان کو درپیش مسائل کاحل ہے۔ انگریز نے فرقہ واریت اور تشدد اور لسانیت کو ابھار کربرصغیر کے مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ، پارہ کرنے کی کوشش کی۔ قائداعظم اور علامہ اقبال نے ہندئووں کی سازش کو سمجھتے ہوئے دوقومی نظریہ پیش کیا۔ جو اتحاد قیام پاکستان کے وقت بنایا گیا تھا آج ملک میں اسے دوبارہ بنانے کی ضرورت ہے۔ گائے کے ذبیحہ پر پابندی سے بھارت سیکولر ملک نہیں، متعصب قومیت پرست ہندوملک بن گیا ہے۔ مودی کی حکومت آنے کے بعد بھارت میں مسلمانوں پر مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ نظریہ پاکستان کیلئے بھرپور تحریک شروع کریں گے، اس تحریک کو گلی، محلے کی سطح پراجاگر کیا جائے گا۔ قاری محمد یعقوب شیخ نے کہاکہ نظریہ پاکستان ہی نظریہ اسلام ہے۔ پاکستان کو سیکولر ملک کی باتیں کرنے والے اور لبرل پاکستان کا نعرہ لگانے والے اپنی جماعت کا نام لبرل لیگ رکھ لیں۔ سید اطہر شاہ بخاری نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور حق کی بالادستی کیلئے وکلاء نے کردار ادا کیا۔ تمام بارز حافظ محمد سعید کو خوش آمدید کہتی ہیں۔ حمزہ شاہد لودھی نے کہا کہ حافظ محمد سعید نے ایک ایسے نظریہ کو پروان چڑھایا جسے ہم بھول چکے ہیں۔ نظریہ پاکستان کی تحریک چلا کر جماعۃ الدعوۃ نے بہت سنہرا اقدام کیا ہے۔ علاوہ ازیں المحمدیہ سٹوڈنٹس پاکستان کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالہ سے لاہور سمیت مختلف شہروں میں نظریہ پاکستان ریلیوں و جلسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں سکولوں اور کالجوں کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نظریہ پاکستان کے حوالہ سے المحمدیہ سٹوڈنٹس نے چوبرجی سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی۔ اس موقع پر طلباء نے مختلف قسم کے کتبے پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ طلباء پاکستان کے حق میں اور نظریہ پاکستان کے حوالہ سے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کی قیادت عثمان سرور نے کی۔ ریلی کے اختتام پر پریس کلب کے سامنے عثمان سرور، عمر بن عبدالعزیز و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے۔ اس کو بنانے کا اصل مقصد ملک میں اسلامی شریعت کا نفاذ تھا اور اسی کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔