عشرہ مبشرہ کی زندگیوں کے سنہرے واقعات (تبصرہ)

زیر تبصرہ کتاب اپنے موضوع پر بہت ہی خوبصورت ، مفید اور جامع کتاب ہے جسے عبدالمالک مجاہد نے مرتب کیا ہے۔یہ کتاب خاص کر بچوں ، بچیوں ، طلبہ وطالبات کے لیے مرتب کی گئی ہے لیکن اس کتاب کا مطالعہ بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کے لیے بھی بے حدضروری اور مفید ہے۔ یہ کتاب دارالسلام انٹرنیشنل نے آرٹ پیپر ، دیدہ زیب سرورق اور چار کلر کے ساتھ شائع کی ہے۔ کتاب کاانداز بیاں سادہ اورسلیس ہے۔ یوں تو صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم کے حالات زندگی کا مطالعہ ہر دور میں ہی ضروری رہا لیکن موجودہ دور میں اس کی ضرورت بے حد بڑھ چکی ہے۔ یہ بات معلوم ہے کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم وہ خوش نصیب جنھوں نے رسول مقبولﷺ کے سایہ نبوت میں تربیت پائی ، ان میں دس اصحاب وہ تھے جنھیں آپ نے دنیا ہی میں جنتی ہونے کی بشارت دے دی تھی۔ اس لیے انھیں عشرہ مبشرہ کہا جاتا ہے۔ان عظیم المر تبت صحابہ کرام میں چار تو خلفائے راشدین ہیں ، یعنی سیدنا ابوبکر ، سیدنا عمر ، سیدنا عثمان اور سیدنا علی رضوان اللہ علیھم شامل ہیں۔ ان کے علاوہ سیدنا زبیر بن عوام ، سیدنا طلحہ بن عبید اللہ ، سیدنا عبد الرحمن بن عوف ، سیدنا سعد بن ابی وقاص ، سیدنا سعید بن زید اور سیدنا ابو عبیدہ بن جراح رضوان اللہ علیھم کے اسمائے گرامی عشرہ مبشرہ میں شامل ہیں۔ یہ سب امت مسلمہ کے لیے روشنی کے مینار ہیں جن کے بارے میں وقتاً فوقتاً سید المر سلینﷺ کی زبان فیض ترجمان سے نکلے ہوئے الفاظ ان کی عظمت و مرتبت ، خوبی کردار اور شان ہدایت کی عکاسی کرتے ہیں۔ چاروں خلفائے راشد ین کا بابرکت عہد ’خلافت ِ راشدہ‘ کہلاتا ہے جو ملت اسلامیہ کے لیے سیاست و حکومت ، معیشت و عدالت اور نظام ِ مملکت کا بہترین نمونہ ہے اور تاریخ عالم میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ دنیا بھر میں سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی صداقت و عزیمت ، سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی عدالت و فراست ، سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کی سخاوت و کرامت اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی شجاعت و استقامت کی مثالیں دی جاتی ہیں۔ خلفائے راشدین رضوان اللہ علیھم نے جو فلاحی ریاست قائم کی ، دنیا کی ڈیڑھ ہزار سالہ تاریخ میں کوئی قوم اور کوئی معاشرہ ایسی فلاحی جمہوری ریاست قائم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ خلفائے راشدین کے عہد ِ مسعود میں شام ، عراق ، ایران ، خراسان ، فلسطین ، مصر اور طرابلس یکے بعد دیگرے فتح ہوتے چلے گئے جبکہ اصحاب عشرہ مبشرہ میں سے محاذ شا م کے فاتح سیدنا ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ اور عراق و ایران کے فاتح سیدنا سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ تھے۔طلبہ و طالبات کی تعلیمی و تربیتی ضرورت کے پیش نظر انھیں عشرہ مبشرہ کی پاکیزہ زندگی سے متعارف کرانے کے لیے زیر نظر کتاب میں اس امت کی دس بہترین شخصیات کے عملی نمونے پیش کیے گئے ہیں ، تاکہ ان عظیم ہستیوں کے حسن سیرت کے آئینے میں وہ اپنی راہ ِ عمل متعین کر سکیں۔’عشرہ مبشرہ رضی اللہ عنھم کی زندگیوں کے سنہرے واقعات‘ اتنی مفید اور خوبصورت کتاب کہ جو بچوں بچیوں کو بطور گفٹ بھی دی جاسکتی ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب پڑھ کر صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم کی زندگی کے روشن روشن واقعات ہماری نوجوان نسل کے لیے رہنما ثابت ہوں گے۔ اس سے نہ صرف ہمارے بچوں بچیوں کی اسلامی تعلیمات میں اضافہ ہوگا بلکہ اپنے حال اور مستقبل کو سنوارنے میں مدد بھی ملے گی۔ یہ کتاب ہر گھر اور ہر لائبریری کی ضرورت ہے۔ کتاب کی قیمت 450روپے ہے۔ یہ کتاب دارالسلام کے مرکزی شوروم لوئر مال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور 042-35324034دارالسلام کراچی مین طارق روڈ 0321-7796677 اور دارالسلام اسلام آباد مرکز ایف ایٹ051-2281513پر دستیاب ہے۔

ای پیپر دی نیشن