چھتوں پر سواریاں،خواتین کی سیٹوں پر مرد بٹھانے، روٹ مکمل نہ کرنے پر دس ہزار620 گاڑیوں کے چالان
اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) ٹریفک پولیس نے سواریاں چھتوں پر بٹھانے،خواتین کیلئے مختص سیٹوں پر مردوں کو بٹھانے ،اپنے روٹ مکمل نہ کرنے ، سواریوں سے بدتمیزی برتنے اور زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات پر دس ہزار620 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کردئے جبکہ 400 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کر دی گئیں ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید نے تنبیہ کی ہے کہ ٹر یفک قوانین کے ایک سے زائد دفعہ خلاف ورزی کرنے والی پبلک سروس گاڑی کا روٹ پرمٹ منسوخ کر دیا جائیگا کاروائی کا مقصد شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے ٹرانسپوٹرز کرایہ نامہ نمایاں جگہ آویزاں کریں شہری کسی بھی سفری شکائت پر پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف 1915 یا0519261992-93نمبروں پر درج کرائیں انہوں نے اتوار کو کریک ڈائون کے دوران کہا کہ آئی جی پی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے والی پی ایس وی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے جس کیلئے ٹریفک پولیس نے سپیشل سکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں جو اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر تعینات ہیں اور ٹریفک قوانین کے خلاف ورزری کرنے والی پی ایس وی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کر رہے ہیں۔