میانوالی: ٹریلر سے تصادم پر ایمبولینس میں آتشزدگی، ایک خاندان کے 8 افراد سمیت 9 زندہ جل گئے

میانوالی / بھکر/ واں بچھراں / ڈی آئی جی خان ( نامہ نگاران/ نوائے وقت رپورٹ) میانوالی میں ریلوے تصادم میں ایمبولینس کا سلنڈر پھٹنے سے ایک خاندان کے 8 افراد سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بس اور کار کی ٹکر میں کار سوار ایک فیملی کے چھ افراد چل بسے جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی، تفصیلات کے مطابق میانوالی کے قریب ایم ایم روڈ پر ہیڈ پکہ کے مقام پر ایمبولینس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجہ میں ایمبولینس میں سوار ایک ہی خاندان کے 8 افراد سمیت 9 افراد زندہ جل گئے۔ بدقسمت ایمبولینس ضلع بھکر کے علاقہ نشیب سیال سے فالج کی 85 سالہ مریضہ تاج بی بی اور اس کے لواحقین کو راولپنڈی لے کر جا رہی تھی کہ ٹریلر سے ٹکرا گئی۔ ایمبولینس میں لگا گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ایمبولینس میں سوار تمام افراد جل کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کی وجہ سے ایمبولینس ٹریلر کے نیچے دب گئی جس کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو لاشیں نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جاں بحق ہونے والوں ایمبولینس کا ڈرائیور غلام حسین، تاج بی بی، اس کے دو بیٹے نوید سیال اور ندیم سیال، تین بیٹیاں مرید بی بی، صباء اور جویریہ جبکہ دو نواسیاں ایان اور امشال شامل ہیں۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور راستہ کلیئر کرایا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔ لاشیں تقریبا'' ناقابل شناخت تھیں تاہم لواحقین نے کسی نہ کسی طرح سے شناخت ممکن بنائی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔ ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا جس کی تلاش جاری ہے۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق حادثے میں دو افراد جل کر راکھ ہوگئے جن کی پہچان نہیں ہو پا رہی۔ بدقسمت ایمبولینس بھکر کے نشیبی علاقہ دھدیانوالی بستی سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوئی تھی۔ خونیں تصادم پر علاقہ کی ہر آنکھ اشکبار اور بھکر کی فضا سوگوار ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی خاندان کے دیگر افراد کے گھروں میں کہرام مچ گیا۔ دریں اثناء ڈیرہ اسماعیل خان میں پشتہ پل پر مسافر بس اور کار میں ٹکر سے ایک خاندان کے چھ افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی جاں بحق ہونے والوں میں ڈاکٹر نسیم دو بچے دو بہنیں اور ان کی والدہ شامل ہے ڈاکٹر نسیم کی اہلیہ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈاکٹر نسیم ڈی آئی خان ہسپتال میں تعینات تھے۔

ای پیپر دی نیشن