لاک ڈاؤن کے نتیجے میں آنے والی بھوک اور افلاس سے سب سے زیادہ دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہواہے۔اس طبقے کی امداد اور تعاون کے لئے حکومت کے علاوہ بہت سی غیر سرکاری تنظیمیں بھی فعال ہو چکی ہیں جن میں قومی سطح پر اگر کسی تنظیم کا کام نظر آتا ہے تو وہ الخدمت ہے۔الخدمت نے بڑے منظم انداز میں اپنی مہم ترتیب دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ محروم اور متاثرہ طبقے تک ریلیف کا کام وسیع کیا جا سکے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ الخدمت نے یونین کونسل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت مقامی مخیرحضرات کے تعاون سے رنگ و نسل اور مذہب جیسی ہر تفریق سے بالاتر ہوکر اپنے علاقے کے متاثرہ افراد میں کھانا اور راشن تقسیم کررہی ہیں ۔ خواجہ سرائوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا جوکہ ہمارے معاشر ے کا دھتکارا ہوا اورمحروم طبقہ ہے، تنظیم کے مطابق انہیں بھی ترجیحی بنیادوں پر راشن پہنچایا جارہا ہے۔ اسی طرح لاک ڈاؤن کے باعث جہاں انسان متاثر ہوئے ہیں وہیں تفریحی اور دیگر عوامی مقامات بند ہونے سے وہاں رہنے والے حیوانات بھی بھوک سے بے حال ہیں، الخدمت کے رضاکار مختلف مقامات پر ان بے زبانوں کے کھانے پینے کا سامان بھی کررہے ہیں۔میں نے ایسی ویڈیوز خود سوشل میڈیا پر دیکھی ہیں جن میں الخدمت کے رضاکار مختلف علاقوں میں جا کر جانوروں کو خوراک پہنچا رہے ہیں۔ الخدمت کورونا ریلیف کے بائیس ہزار سے زائد رضا کار میدان میں ہیں۔یہ اب تک ہزاروں خاندانوں کو سوا چار لاکھ راشن کے تھیلے تقسیم کر چکے ہیں جن سے پچیس لاکھ افراد مستفید ہوئے ہیں۔پکا پکایا کھانا چھ لاکھ افراد کو پہنچایا جا چکا ہے۔ تقریباً بارہ لاکھ افراد کو فیس ماسک بھی دئیے گئے ہیں۔سوا پانچ لاکھ کی تعداد میں صابن اور ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کئے گئے ہیں۔ اسی طرح مساجد مندر اور گرجا گھروں کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔ جراثیم سے پاک رکھنے کے لئے چھیالیس ہزار ایسی عبادت گاہوں میں سپرے بھی کئے گئے ہیں۔
الخدمت ہیلپ لائن سے پانچ ہزار افراد کال کر کے مدد لے چکے ہیں۔الخدمت کے دس ہسپتال ایسے ہیں جہاں آئی سی یو وارڈز بھی خصوصی طور پر تیار کئے گئے ہیں۔ سکھر اور ملتان کے سرکاری قرنطینہ سینٹرز میں روزانہ ریفریشمنٹ اور پرسنل پروٹیکٹو ایکویپمنٹ کی فراہمی بھی جاری ہے۔ اب تک ان امدادی کاموں پر 1 ارب34 کروڑ8لاکھ روپے لاگت آ چکی ہے جبکہ 66 لاکھ افراد مستفید ہوئے ہیں۔الخدمت کے مطابق یہ ڈیٹا فاؤنڈیشن کی مرکزی سطح، تمام ریجنز،الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ اور الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی مجموعی خدمات کو شامل کرکے مرتب کیا گیا ہے۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی سربراہی میں الخدمت کورونا ٹاسک فورس ملک بھر میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔جبکہ صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان محمد عبد الشکور، سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص اور سیکرٹری جنرل شاہد اقبال خود امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
تمام الخدمت ہسپتالوں کے اسٹاف کو حفاظتی تدابیر کے حوالے سے ایس او پیز جاری کئے گئے اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایاگیا۔ تمام الخدمت دفاتر، لیبارٹریزاورہسپتالوں میں آگاہی کیلئے ڈیسک قائم کئے اور مختلف ذرائع کے ذریعے لاکھوں افراد کو آگاہی فراہم کی گئی۔جس میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کے ساتھ ساتھ بھیڑ والی جگہوں پر نا جانا، فاصلہ رکھنا، ہاتھ دھونا اور منہ، ناک اور آنکھوں کو نا چھونا شامل ہے۔الخدمت کے کارکن ملک بھر میں شاہراہوں، گلی محلوں میں لوگوں میں ماسک، صابن اور سینی ٹائزرز تقسیم کررہے ہیں۔ الخدمت کے اس وقت ملک بھر میں28 ہسپتال ہیں۔ابتدائی مرحلے میں 10 ہسپتالوں میں 3، 3 وینٹی لیٹرز اور 10 پیشنٹ مانیٹرز کے ساتھ باقاعدہ آئی سی یو فعال کیا جا رہا ہے۔حکومت جب چاہے ان ہسپتالوں کو قرنطینہ سنٹر یا کورونا کے مریضوں کے لئے علاج کے استعمال کرسکتی ہے۔ الخدمت نے آئی سی یو کے سٹاف کی ٹریننگ کے لیے مینئول تیار کر لیے ہیں اور آن لائن ٹریننگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔الخدمت نعمت اللہ خان ہسپتال مٹھی تھرپارکرحکومت کی جانب سے باقاعدہ قرنطینہ سنٹر بنا دیا گیاہے۔ ان قرنطینہ سنٹرز میں مریضوں اور انتظامیہ کو ریفریشمنٹ اور پرنسل پروٹیکٹو ایکویپمنٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ پولیس سروسز ہسپتال پشاورمیں بھی مریضوں، لواحقین اور انتظامیہ کو ناشتہ اور دو وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔لاک ڈاؤن کے نتیجے میں تھیلیسیمیا کے مریض جن کو باقاعدگی سے خون کی ضرورت ہوتی ہے شدید مشکلات کا شکار ہیں، اس صورت حال کے پیشِ نظر مختلف شہروں میں خون کے عطیات اکٹھے کرنے کے لئے بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ہسپتالوں میں OPDبند ہونے کے پیش نظر 25 مارچ سے الخدمت پیما ہیلتھ لائن کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک سینئر سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے کنسلٹنسی لی جا سکتی ہے۔روزانہ 300 سے زائد مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ جو اس کارخیر میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ الخدمت کے نمبر 080044448ہے پر رابطہ کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ وہ اپنے علاقے میں موجود الخدمت کے دفتر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
Acc title: Al-khidmat Foundation Pakistan
Bank name: MCB Bank Moon Market Lahore
Acc #: 0135401010037905
الخدمت کے لئے اپنے محدود وسائل میں تمام ضرورت مندوں تک پہنچنا ممکن نہیں ہے۔ اس لئے معاشرے کی صاحب ثروت شخصیات بھی براہ راست ایسے مستحق خاندانوں کی مدد کرکے یا الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کرکے اس کار خیر کا دائرہ بڑھا سکتی ہیں۔
ایرانی صدر کا دورہ، واشنگٹن کے لیے دو ٹوک پیغام؟
Apr 24, 2024