ڈاکٹر مہاتیر کی اسلام آباد آمد‘ عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے نور خان بیس پر استقبال کیا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ، وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر وزرا نے نور خان ائیر بیس پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بچوں نے مہاتیر محمد کو گلدستے پیش کیے جبکہ انھیں اکیس توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد اور اہم کاروباری شخصیات بھی پاکستان پہنچی ہیں۔ مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریب میں مہمان خصوصی ہونگے۔ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد، پاکستانی صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کے ساتھ وفود کی سطح پر بھی ملاقاتیں ہوں گی۔دونوں وزرائے اعظم مختلف صنعتکاروں کی گول میز کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ مہاتیر بن محمد اور ان کے وفد کی آمد کے موقع پر وفاقی وزیر برآ ئیمنصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کو وزیر مہمان داری مقرر کیا گیا۔وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار ملائشیا کے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے پاکستان کے دورہ کے دوران انکے ہمراہ رہیں گے۔