تھر میں خوشحالی اور ترقی ‘ وزیراعلیٰ نے تھر فائونڈیشن تشکیل دینے کی منظوری دیدی
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کوئلے کے ذخائر سے مالا مال ضلع تھر کو ترقی دینے کیلئے تھر فائونڈیشن کے تشکیل کی منظوری دیدی ہے جس کے مقاصد میں سماجی شعبے مثلاً تعلیم‘ صحت‘ پانی کی فراہمی و دیگر شعبوں کو ترقی دینا شامل ہے انہوں نے یہ منظوری گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہائوس میں تھر کول کے منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری رضوان میمن ‘ چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ‘ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت‘ سیکرٹری ایجوکیشن اقبال درانی‘ سیکرٹری انرجی آغا واصف‘ ایس ای سی ایم سی چیف شمس الدین شیخ‘ کمشنر کراچی اعجاز خان اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ کوئلے کی کان کنی اور بجلی کے منصوبوں کی بدولت تھر میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور تھر ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ثابت ہو گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر بلاک ٹو مستقبل کے پاور پلانٹس کیلئے ایک بہترین آپشن ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر کے لوگ سندھ حکومت اور نجی شراکت دار وں کی تھر میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی سرمایہ کاری سے مستفید ہوں گے انہوں نے ایس ای سی ایم سی کے چیف شمس الدین شیخ کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں مثلاً اسکولوں‘ اسپتالوں کی تعمیر‘ آر او پلانٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی‘ روایتی دیہاتوں کو اَپ گریڈ کر کے ماڈل ولیج بنانے کا کام شروع کریں۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں کیلئے اسلام کوٹ تعلقہ کو بطور ایک ماڈل تعلقہ کے ہونا چاہئے انہوں نے کہاکہ بند اسکولوں کو کھولنا شروع کریں اور اس کے ساتھ ساتھ نئے اسکول بھی شروع کریں۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت تھر فائونڈیشن کو کمیونٹی ڈیولپمنٹ کیلئے 900 ملین روپے کی گرانٹ دے گی اور کان کنی اور پاور جنریشن سے حاصل ہونے والی رائلٹی بھی تھر کے علاقے میں سماجی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھر فائونڈیشن مختلف شعبوں مثلاً تعلیم‘ صحت‘ انسانی وسائل کی ترقی‘ رہائش‘ انفرااسٹرکچر‘ پینے کے پانی‘خواتین کو اختیارات‘ ڈیزازسٹر مینجمنٹ‘ ثقافت اور ورثا اور نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے بھی کام کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اسلام کوٹ ایئر پورٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ ایس ای سی ایم سی نے ایک اسپتال اور 9 میں سے دو اسکول کی عمارتوں کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا ہے جو کہ افتتاح کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان اسکیموں کا اپریل کے دوسرے ہفتے میں افتتاح کیا جائے گا۔