مسلح افواج میں مسیحی برادری کی قدر و منزلت

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒنے 11 اگست 1947 ءکو پہلی دستور ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا: 
''آپ آزاد ہیں، آپ کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو، اس کا ریاستی امور سے کوئی تعلق نہیں ہے۔''
ایک اور موقع پر بانی پاکستان نے فرمایا:
'' اقلیتوں کو بلاامتیاز ذات پات، رنگ، مذہب یا عقیدہ ہر لحاظ سے پاکستان کا شہری سمجھا جائے گااور انہیں ان کے تمام حقوق اور مراعات اور شہریت کے حقوق حاصل ہوں گے۔
پاکستان آرمی نے قائد اعظم ؒ کے اسی فرمان کو شعار بنایا اور اب پاکستان آرمی میں مذہبی، لسانی، اور جنسی تفریق سے قطع نظر فیصلے کیے جاتے ہیں ۔ کرنل ڈاکٹر ہیلن میری حال ہی میں پاکستان آرمی میں بریگیڈیر کے عہدے پر ترقی پانے والی پہلی کرسچن خاتون ہیں۔وہ پاکستان آرمی کی میڈیکل کور میں 26 سال سے بطور پیتھالوجسٹ خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر ہیلن میری پاکستان آرمی میں رہتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنے کو ایک اعزاز سمجھتی ہیں۔بلاشبہ ڈاکٹر صاحبہ پاکستان آرمی میں بلا تفریق مذہب و جنس ،میرٹ کی زندہ مثال ہیں ۔ بھارت کے ساتھ پینسٹھ اور اکہتر کی دو جنگوں میں پاک فضائیہ کے ہوا بازوں کو ستر ستارہ جرات عطا کئے گئے، ان میں سات مسیحی ہوا باز بھی شامل ہیں۔ ان میںسے ایک ایک کی قربانی اور دلیری کا ذکر کرنے کے لئے کئی کئی شاہنامے تصنیف کئے جا سکتے ہیں۔
ایئر مارشل ایرک گورڈن ہال نے آزادی کے بعد پاک فضائیہ کا انتخاب کیا، وہ بھارتی ایئر فورس کا انتخاب بھی کر سکتے تھے لیکن پاکستان میں انہوں ایک مضبوط اور توانا فضائی قوت منظم کرنے میں شاندار کردار ادا کیا۔وہ ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف کے منصب تک پہنچے،پینسٹھ میں وہ چک لالہ جسے اب نور خاں ایئر بیس کا نام دے دیا گیا ہے، کے ٹرانسپورٹ کے شعبے کی دیکھ بھال کر رہے تھے۔ لڑائی چھڑی تو انہیں احساس ہوا کہ پاک فضائیہ کے پاس بمبار طیاروں کی کمی ہے ، انہوںنے سی ون تھرٹی ٹرانسپورٹ طیارے میںتبدیلی کی اور اسے بمباری کے قابل بنایا۔ گروپ کیپٹن کے طور پرپہلے مشن پر وہ خود روانہ ہوئے، ٹرانسپورٹ طیارہ اپنی حفاظت نہیں کرسکتا مگر انہوں نے کشمیر میںکٹھوعہ کے پل کو بمباری کر کے اڑا دیا۔ہائی کمان ان کے ایکشن پر اس قدر مطمئن تھی کہ انہیں تیرہ مزید حملوں کی اجازت دی گئی۔ان طیاروں کی مدد سے انہوںنے لاہور کے اٹاری سیکٹرمیں بھارت کے ہیوی توپ خانے کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ، قوم نے ستارہ جرا¿ت سے نواز کر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ایئرکموڈور نذیر لطیف،65ءکی جنگ میں ایک بمبار ونگ کے سربراہ تھے۔انہوںنے بھارت کے اندر انبالہ پر ٹھیک ٹھیک نشانے لگائے۔بھارتی اڈے کی حفاظت کے لئے روسی سام میزائلوں کا حصار قائم کیا گیا تھا مگرنذیر لطیف نے بے خوفی کامظاہرہ کیا۔دو مواقع پر ان کے جہاز کو شدید نقصان بھی پہنچا لیکن وہ طیارے کو بحفاظت اڈے پر اتارنے میں کامیاب ہو گئے۔ان کے سینے پر ستارہ جرات سجایا گیا۔
ونگ کمانڈر میرون لیزلی مڈل کوٹ کا تذکرہ جذبہ حب الوطنی سے لبریز ہے۔وہ پینسٹھ کی جنگ میں ایف 104سٹار فائٹر کے سکواڈرن کی کمان کر رہے تھے، انہوں نے دشمن پر بڑھ چڑھ کر وار کیا اور اس کی پیش قدمی کو ناممکن بنا دیا۔اکہتر کی جنگ میں وہ بیرون وطن تربیت پر تھے مگر وہ فوری طور پر واپس آ گئے۔انہیں اگلے ہی روز بھارت کے محفوظ تریں اڈے جام نگر پر بمباری کا مشن سونپا گیا۔وہ اپنے مشن میں کامیابی کے بعد واپس آ رہے تھے کہ دشمن کے دو مگ اکیس طیاروں سے ان کی مڈھ بھیڑ ہو گئی۔ایک میزائل ان کے جہاز کو لگا، وہ جہاز سے کود گئے مگر تلاش کے باوجود ان کا سراغ نہ ملا ۔
سیسل چودھری کا نام زبان پر آتا ہے تو شجاعت کی عظیم داستانیںان کے کارناموں کے سامنے گہنا جاتی ہیں۔چھ ستمبر1965ءکو انہوںنے لاہور اور سیالکوٹ محاذ پر دشمن کا کچومر نکالنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی، اگلے روز شام کو انہیں ہلواڑہ پر حملے کا ٹاسک دیا گیا ، ان کے گروپ کیپٹن سرفراز رفیقی اس مشن کی قیادت کر رہے تھے اور فلائٹ لیفٹننٹ حسن بھی انکے ہمراہ تھے،کسی فنی خرابی کی وجہ سے مشن کی پرواز میں تاخیر ہو گئی جس کی وجہ سے دشمن چوکنا ہو گیا، پٹھان کوٹ پر پی اے ایف کے ہوا باز کامیابی سے حملے کے بعد واپس آرہے تھے، انہوںنے خبردار کیا کہ فضا میں بھارتی ہنٹر طیارے موجود ہیں۔ ہنٹر اور سیبر کا کوئی مقابلہ نہیں ، مگر ہلواڑہ کے شہریوںنے دیکھا کہ ہمارے جہازوں نے دشمن کا کس دلیری سے سامنا کیا، مسلسل فائرنگ کی وجہ سے سرفراز رفیقی کی گنیں جام ہو گئیں تو انہوںنے سیسل چودھری سے کہا کہ وہ حملے کی قیادت سنبھالے۔ سیسل نے تاک کر نشانہ لگایا اور ایک بھارتی ہنٹر کو مار گرایا، ہلواڑہ کے شہریوں پر یہ طیارہ آتش فشاں بن کر گرا۔حسن بھی ایک اورہنٹر کے تعاقب میں دور نکل گیا اور اس کا کچھ پتہ نہ چلا، سرفراز رفیقی نے آخر دم تک عقب سے سیسل کو تحفظ فراہم کیا ۔ جب تک سیسل نے بھارتی ہنٹرز کو لڑائی سے منہ موڑ کر بھاگنے پر مجبور نہیں کر دیا، وہ ہلواڑہ کی فضاﺅں میں ڈٹا رہا۔اکہتر کی جنگ میں سیسل چودھری، اسکوڈرن لیڈر کے منصب پر فائز تھا، ظفر وال شکرگڑھ سیکٹر میں اس کے طیارے کو نقصان پہنچا، اس نے کاک پٹ سے چھلانگ لگا دی،وہ دشمن کے علاقے میں گرا، اس کی ہنسلی کی ہڈی ٹوٹ چکی تھی مگر وہ اپنے اڈے پر پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔
سکواڈرن لیڈر ولیم ڈیسمونڈ ہارنے، کی دلیری پاک فضائیہ میں ضرب المثل بن چکی ہے۔
پینسٹھ کی جنگ میں اس کاایک ہاتھ سخت زخمی تھا مگر اسے ہاتھ پہ ہاتھ رکھے بیٹھے رہنامنظور نہ تھا ، اس نے اپنی خدمات دفاع ِ وطن کے لئے پیش کیں اور آدم پور، ہلواڑہ، جودھپور،پٹھان کوٹ اور انبالہ کے بھارتی اڈوں پر حملوں میں سرگرم حصہ لیا، پاک فضائیہ کے یہی وہ حملے تھے جن کا ذکر ریڈیو پاکستان کی خبروں میں شکیل احمد کی زبان سے لوگ سنتے تھے کہ ہمارے ہوا بازوں نے آج دن بھر دشمن کے اڈوں پر نیچی نیچی پرواز کر کے ٹھیک ٹھیک نشانے لگائے تو گلی کوچے پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھتے تھے۔ سکواڈرن لیڈر ’ہارنے ‘کو بھی قوم نے ستارہ جرا¿ت سے نوازا۔
سکواڈرن لیڈر پیٹر کرسٹی نے نیوی گیٹر کے طور پر پینسٹھ کی جنگ میںمادر وطن کا دفاع کیا۔اکہتر کی جنگ میں وہ پی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پرتھا مگر وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ا دائیگی کے لئے ایئر فورس میں واپس چلا آیا۔جام نگر کے اڈے پر سخت مقابلہ پیش آیا اور وہ لاپتہ ہو گیا، پیشے سے لگن اور فرض شناسی کے بے مثل مظاہرے پر اسے بعد از مرگ ستارہ جرات عطا کیا گیا۔پاکستانی قوم ستارہ جرات پانے والے ان سات محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔
٭٭٭

اسد اللہ غالب....انداز جہاں

ای پیپر دی نیشن