سندھ میں نیا اتحاد: جی ڈی اے، پی ٹی آئی، جماعت اسلامی کا مبینہ دھاندلی کیخلاف جدوجہد کا اعلان
کراچی (نیٹ نیوز) پیر صدرالدین شاہ راشدی سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرتے ہوئے مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان کیا۔ جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات عبدالرحیم نے بتایا کہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور مبینہ دھاندلی پر باہمی تعاون کے حوالے سے غور کیا گیا۔ سید صدر الدین شاھ راشدی نے دیگر رہنماؤں کو جی ڈی اے کے کل 23 فروری کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں اس بات پر غور ہوا کہ اپوزیشن کی سخت گیر تحریک کی وجہ سے حکومت اور الیکشن کمشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس برائے حلف برداری کا اعلان اچانک کردیا جائے گا۔ اس صورت میں عوام اور تمام جماعتوں کے کارکن اس دن سندھ بھر میں سخت احتجاج کریں گے جس پر ملاقات میں شریک رہنماؤں نے اتفاق کیا۔ سردار عبدالرحیم نے مزید بتایا کل اجلاس میں اس حوالے سے غور کے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔