پی ایس ایل 3 ، رنگا رنگ میلہ آج یواے ای میں سجے گا
کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )کے تیسرے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ (آج) جمعرات سے متحدہ عرب امارات میں سجے گا،پی ایس ایل تھری کی پاکستانی اور غیرملکی فنکاروں سے سجی افتتاحی تقریب دبئی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جس میںمعروف گلوکار علی ظفر، شہزاد رائے،عابدہ پروین اور امریکی اسٹار جیسن ڈیریلوبی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے،رنگا رنگ تقریب میں لیژر شوہو گا دیگر فنکاربھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ آتش بازی کا دلفریب مظاہرہ ہوگا ،پہلا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اورایونٹ میں پہلی بار شرکت کرنیوالی ٹیم ملتان سلطان کے درمیان رات دس بجے کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کا تیسرا ایڈیشن (آج )جمعرات سے یواے ای میں شروع ہورہا ہے۔ میچز دبئی اورشارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونگے۔ یواے ای کے صحرا میں (آج) سے چھکے چوکوں کی بہار آئے گی۔ پہلا میچ دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اورایونٹ میں پہلی بار شرکت کرنیوالی ٹیم ملتان سلطان کے درمیان رات دس بجے کھیلا جائے گا۔ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاورزلمی پی ایس ایل تین میں اعزاز کادفاع کرے گی۔لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں پشاور نے کراچی کنگز کوشکست دیکرٹائٹل اپنے نام کیاتھا۔زلمی نے ٹورنامنٹ کے دوایڈیشنز میں سب سے زیادہ 21میچزکھیل کربارہ فتوحات حاصل کی ہیں۔آٹھ
میچزمیں انہیں ناکامی کا سامناکرنا پڑا۔ان کی کامیابی کا اوسط ساٹھ ہے۔پشاورزلمی ٹیم میں محمد حفیظ،وہاب ریاض، کامران اکمل،حسن علی،حارث سہیل،کرس جورڈن،ڈیوائن براوو،تمیم اقبال،ایون لوئیس اور آندرے فلیچر جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔جواعزاز کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوگی جس میں گلوکار شہزاد رائے، صوفی گلوکارہ عابدہ پروین آواز کا جادو جگائیں گے۔ امریکی پاپ اسٹار بھی اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔ گلوکار علی ظفر ایونٹ کا ٹائٹل سانگ گاکر شائقین کا لہو گرمائیں گے،رنگا رنگ تقریب میں لیژر شوہو گا دیگر فنکاربھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ آتش بازی کا دلفریب مظاہرہ ہوگا جس سے آسمان روشنیوں میں نہاجائے گا۔دبئی میں ایونٹ کی چمچاتی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی ہے۔