18 ویں ترمیم میں تبدیلیوں کی کوئی تجویز زیرغور آئی نہ ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اٹھارہویں آئینی ترمیم میں تبدیلیوں کی خبر کی سختی سے تردید پارٹی کی منشور کمیٹی کی سیکرٹری کے طورپر اس خبر کی تردید کرتی ہوں ایسی کوئی تجویز زیر غور نہ آئی ہے اور نہ ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ وفاق اور تمام اکائیوں کے وسائل بڑھانے کی پالیسی اپنائی ہے۔ مستقبل میں بھی ہم وفاق سمیت تمام اکائیوں کے وسائل مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وفاق اور اکائیوں کے درمیان آئین کے مطابق وسائل کی منصفانہ تقسیم مضبوط پاکستان کے لئے ضروری ہے۔ بلدیاتی اداروں کو جمہوریت کی بنیاد سمجھتے ہیں‘ اس نظام کو لاگو اور فعال بنا کر جمہوریت کو مزید مضبوط کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے سربراہ سینٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ان کی کمیٹی کو نیشنل فنانس کمشن ایوارڈ (این ایف سی) یا اٹھارویں ترمیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی یا ترمیم کے لئے کسی بھی طرف سے کوئی سفارش یا تجویز نہیں ملی اس طرح کی کوئی تجویز زیر غور بھی نہیں ہے۔ پارلیمنٹ ہاو¿س کے باہر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ایک بڑے انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی یہ رپورٹ درست نہیں کہ مسلم لیگ (ن) اٹھارہویں آئینی ترمیم میں کسی اور ترمیم پر غور کر رہی ہے۔ میری معلومات کے مطابق یہ معاملہ پارٹی کے کسی اجلاس میں زیر غور نہیں آیا نہ ہی اس سلسلے میں پارٹی قیادت کی طرف سے منشور کمیٹی کو کوئی ہدایات ملی ہیں۔ سینیٹر صدیقی نے مزید کہا کہ منشور کمیٹی کی 31 ذیلی کمیٹیوں میں سے بھی کسی کو ایسی تجویز موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف متعلقہ حلقے اور عوام قومی مسائل کے بارے میں انتہائی اہم تجاویز بھیج رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن