لاہور ( سٹی رپورٹر + نیوز رپورٹر + خبرنگار + نمائندہ خصوصی + نمائندگان ) لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے کئی کچے گھر منہدم ہو گئے۔ بارش کے دوران چھتیں دیواریں گرنے سے اور مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ شام اچانک گہرے بادل چھا جانے سے اندھیرا ہو گیا اور پھر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور شہر کے بعض علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس سے موسم خوشگوار اور رات کو خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا۔ کینال روڈ سمیت بعض مصروف سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی جبکہ 260 فیڈر ٹرپ کر جانے سے کئی علاقوں میں بجلی 4 سے 5 گھنٹے بند رہی جس سے لوگوں کوشدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے دوران گاڑیوں میں ٹکر اور دیگر ٹریفک حادثات میں 24 افراد زخمی ہو گئے۔ ڈیفنس اے میں بارش کے دوران تیز ہوائوں سے شادی کیلئے لگایا گیا ٹینٹ اکھڑ گیا ڈنڈا سر میں لگنے سے 13 سالہ فیصل ارشد جاں بحق مزدور فلک شیر اور اسد اللہ شدید زخمی ہو گئے۔ لاہور کے علاوہ فیصل آباد‘ سرگودھا‘ گوجرانوالہ‘ راولپنڈی‘ ملتان‘ ڈی جی خان اور سندھ بلوچستان کے بعض شہروں میں بھی بارش ہوئی محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ عارضی ہے جو کہ آج دوپہر تک ختم ہو جائے گا اور بتدریج گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں آسمانی بجلی گرنے سے کھیتوں میں کام کرنیوالے ایک کاشتکار جھلس کر جاں بحق ایک شدید زخمی ہو گیا۔ فیصل آباد‘ علی پور چٹھہ‘ بچیانہ‘مریدکے‘ نارنگ منڈی سے نامہ نگاران کے مطابق ان شہروں میں بارش اور ژالہ باری سے بڑھتی گرمی ماند پڑ گئی خوشگوار ٹھنڈی ہوائیں چلنے پر لوگوں نے سکھ کا سانس لیا‘ علاوہ ازیں سوات‘ پارا چنار‘ کرم ایجنسی‘ کوہاٹ میں بارش ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری سے یہاں سردی میں اضافہ ہو گیا جبکہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ کی کینجھر جھیل میں تیز ہوائوں کے دوران کشتی الٹنے سے 3 مرد اور دو خواتین ڈوب گئیں۔ خدشہ ہے کہ یہ افراد جاں بحق ہو گئے ان کی تلاش رات گئے جاری تھی جبکہ 4 بچوں کو بچا لیا گیا ٹھٹھہ میں تیز طوفانی ہوائوں کے باعث گھر کی چھت گرنے سے خاتون ہلاک اور اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔
بارش
بارش