پاکستان چین تعلقات کے خلاف  جھوٹا پروپیگنڈا

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین ایک سنگ میل تھا اور کامیاب رہا ہے جو دونوں ممالک میں خوشحالی لائے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف کے اس دورے نے بہت سی راہیں پیدا کی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی جو دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔ 
وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب، امارات اور قطر کے دورے کے بعد چین کا دورہ بھی کامیاب رہا۔ہر ملک کی طرف سے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کیے گئے جس سے پاکستان کی معیشت اپنے قدموں پر کھڑی ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔پاکستان کے دشمنوں کی طرف سے ان دوروں کو ناکامی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کے اندر موجود کچھ لوگ سیاسی مخالفت کی بنا پر دشمن کے ایسے پراپیگنڈے سے متاثر ہو کر سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کر دیتے ہیں۔ان کا ایسا کرنا ملک دشمنی سے کم نہیں ہے۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حالیہ دورے کے بعد چین کے ساتھ تعلقات مزید بڑھے ہیں اور چینی صدر نے کہا ہم اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید گہرا کرنا چاہتے ہیں لیکن ایک سیاسی جماعت چندروز سے پاک چین تعلقات پر پروپیگنڈا کررہی ہے۔ایسے پروپیگنڈے سے جہاں دوست ملک کے ساتھ غلط فہمیاں پیدا ہو سکتی ہیں وہیں ملک کے اندر عوام میں مایوسی بھی پیدا ہو سکتی ہے۔ بے بنیاد افواہیں پھیلانے والوں کا مقصد بھی شاید سیاسی مفادات کے تحت یہی ہے۔مگر یہ قابل قبول نہیں ہو سکتا۔یہ پروپیگنڈا پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بری طرح مجروح ہو رہا ہے۔ اسکے مو¿ثر سد باب کی بلا تاخیر ضرورت ہے۔ پروپیگنڈا کرنے والوں کو خود بھی سوچنا چاہیے کہ وہ ایسا کر کے پاکستان کی کیا خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ریاستی مفادات کے ساتھ کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا اور آج اسی کی ضرورت بھی محسوس ہو رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن