وفاقی حکومت کا پاکستان سٹیل کو مزید بیل آوٹ پیکج دینے سے انکار
کراچی (این این آئی)وفاقی حکومت نے پاکستان اسٹیل کو مزید بیل آو¿ٹ دینے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد پاکستان اسٹیل نے غیر ملکی سرمایہ کار کی تلاش شروع کردی ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع نے نمائندہ این این آئی کو بتایا کہ پاکستان اسٹیل نے ادارے کی بحالی کےلئے 12ارب روپے کا مزید بیل آو¿ٹ پیکیج اور تین ارب روپے ایل سی کھولنے کےلئے طلب کئے ہیں مگر خزانے کی مخدوش صورتحال اور کرپشن کو دیکھتے ہوئے پاکستان اسٹیل کو مزید رقم نہ دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل 2008 سے اب تک 200 ارب روپے کا خسارہ کرچکی ہے۔ حکومت نے ادارے کو اب تک 40ارب روپے کا بیل آو¿ٹ دیا ہے مگر اس کے باوجود خسارے میں اضافہ ہورہا ہے۔ اربوں روپے کی کرپشن کے باوجود انتظامیہ نے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی ہے اور نہ ہی لوٹی ہوئی رقم واپس لائی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ بجٹ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ وزارت نجکاری ادارے کے لئے غیرملکی ایسے خریداری تلاش کرے گی جو کہ ادارے کی مالی حالت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اس کو توسیع دے سکیں ۔ اس مقصد کے لئے چینی اور روسی سرمایہ کاروں کی تلاش کی جارہی ہے۔