الیکشن کمیشن جلد انتخابات کی جانب گامزن

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کمیٹیوں کو اپنا کام ہر صورت 26 ستمبر 2023 تک مکمل کرنے اور کمیٹیوں کو 27 ستمبر کو ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے جلد عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا دورانیہ کم کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اب حلقہ بندیوں کی اشاعت 30 نومبر کو ہوگی اور حلقہ بندیوں کے دورانیے کو کم کرنےکا مقصد جلد الیکشن ممکن بنانا ہے۔ایڈیشنل ڈائیریکٹر جنرل مانیٹرنگ کے مطابق جدید تقاضوں پر مبنی الیکشن مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر تشکیل دیا گیا ہے۔ مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر کےلئے یو اے این نمبر لیا ہے، بیک وقت 10 کالز سن سکیں گے، مانیٹرنگ کنٹرول سنٹر میں وٹس ایپ کے ذریعے شکایت درج ہوسکے گی۔
آئینی مدت میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا پرعزم نظر آنا ‘ 26 ستمبر تک کمیٹیاں اور حلقہ بندیاں مکمل کرنے کی ہدایت کرنا الیکشن کمیشن کی جانب سے آئین کی پاسداری کی اچھی مثال ہے۔ لہٰذا نگران سیٹ اپ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کا جواز نکالے بغیر الیکشن کمیشن اور دوسرے انتظامی اداروں کی معاونت کرکے ملک میں جلدشفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار کرنے میں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے تاکہ انتخابات کے بعد اقتدار منتخب نمائندگان کے سپرد کیا جاسکے۔

ای پیپر دی نیشن