ن لیگ سے بالکل ناراض نہیں ،وہ خود کو لاڈلہ ظاہر کررہے ہیں: خورشیدشاہ

کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم ن لیگ سے بالکل ناراض نہیں اور نہ ہی انہیں لاڈلا کہہ رہے ہیں لیکن وہ خود ہی ایسا ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خصوصی گفتگوکرتے ہوئے سیدخورشید شاہ کہاکہ ہم مسلم لیگ ن سے کیوں ناراض ہوں ؟ ہم ن لیگ سے بالکل ناراض نہیں ہیں، ہم ساتھ رہے ہیں اس لیے ن لیگ کو مشورہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ نے کہا کہ ن لیگ والے یہ جو خود کو لاڈلہ ظاہر کررہے ہیں جبکہ ہم نہیں کہہ رہے کہ یہ لاڈلے ہیں لیکن یہ خودایسا شو کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔سابق اپوزیشن لیڈرنے کہا کہ اگر ہم لاڈلے بنتے تو بے نظیر شہید نہ ہوتیں، ذولفقار علی بھٹو پھانسی نہ چڑھتے، ہم نے گولیاں اور کوڑے کھائے ہیں ، خدا ہمیں اس وقت سے پناہ دے جب ہم کسی کے لاڈلے بنیں۔نواز شریف کا نام لیے بغیر خورشید شاہ نے کہاکہ سابق وزیر اعظم کو آفیسرز نے سلیوٹ مارے، ان کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا، ہم نے دیکھا کہ اپوزیشن لیڈر بھی حکومت کے ساتھ کھڑا ہوگیاہم نے جمہوریت بچانے کے لیے ہمیشہ ساتھ دیا، ہم نے ثابت کیا کہ ہم جمہوری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عوامی طاقت پر بھروسہ کرتے ہیں، سب کوچیلنج کرتا ہوں کہ ثابت کریں کہ پیپلز پارٹی نے کب کوئی کمٹمنٹ پوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ کون بنے کا کروڑ پتی؟ یہ آگے پتا چلے گا۔رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ رانا ثنا اللہ حقیقی سیاسی ورکر ہیں ، وہ درست کہتے ہیں کہ جھوٹے کیسز ختم ہونے چاہیں ، لیکن صرف یک طرفہ نہیں کیے جانے چاہیں بلکہ سب کے جھوٹے کیسز معاف کیے جائیں۔حالیہ ملکی مسائل سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی پی ٹی آئی دور میں شروع ہوئی ،اب جو نئی حکومت آئے گی اس کے پاس 5 سال کا مینڈیٹ ہو گا اورآئندہ بننے والی حکومت کو جوابدہ ہونا ہوگا، اب جو مسائل ہیں ان کا حل کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں ،سب جماعتیں مل کر مسائل کا حل نکال سکتی ہیں۔