ترک مسلح افواج کے سربراہ کی قائم مقام چیف آف نیول سٹاف، فضائیہ کے سربراہ سے ملاقاتیں
اسلا م آباد (سٹاف رپورٹر) ترک مسلح افواج کے سربراہ جنرل یاشر گلر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور قائم مقام چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پروائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے جنرل یاشر گلر کا استقبال کیا اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ معزز مہمان نے یادگارشہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا ئی۔ بعد ازاں نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی، استحکام اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے پاک بحریہ کے میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول اور مشترکہ میری ٹائم فورسز (سی ایم ایف) میں شرکت کے ذریعے خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ ترک جنرل نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیوٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا۔ دونوں معزز شخصیات نے مختلف شعبہ جات میں دفاعی اشتراک کو مزیدفروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم، کشمیری عوام کی حالت زار اور انصاف اور حق پرمبنی جدوجہد کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں ترک جنرل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے انسانیت کے اس مسئلے پر ترکی کی جانب سے کی جانے والی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ترک جنرل کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان با لعموم اور دونوں افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔ دریں اثناء ترکی کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاشر گلر نے گزشتہ روز پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انورخان سے ملاقات کی، جس میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل یاسر گلر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ، انہو ں نے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات قائم ہیں ، انہوں نے موجودہ دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔