قانون تحفظ ختم نبوت میں ترمیم برداشت نہیںہوگی،صوفی یحییٰ قادری
کراچی (نیوز رپورٹر) ناظم اعلیٰ سندھ تحریک لبیک پاکستان صوفی یحییٰ قادری نے کہا ہے کہ آئین میں موجود قانون تحفظ ختمِ نبوتﷺ میں کوئی ترمیم برداشت نہیں کریں گے، اگر وزیراعظم عمران خان نے ملک کی نظریاتی شناخت سے چھیڑچھاڑ کرنے کی کوشش کی تو تاریخ ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کے دورے پر روانگی کے موقع پر کیا، ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری امیر جنوبی سندھ آغا پیر عمر جان سرہندی فاروقی مجددی کی دعوت پر جنوبی سندھ کے اضلاع ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمدخان، میرپورخاص کا خصوصی دورہ کریں گے، صوفی یحییٰ قادری دورے کے دوران ہر ضلعے میں تنظیم سازی سے متعلق اجلاس میں شریک ہونگے۔ صوفی یحییٰ قادری نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے سلسلے میں عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان دورہ امریکا سے قبل اپنے پرانے بیانات سماعت کرلیں، اس طرح شاید ان کو شرم آجائے اور کچھ غیرت بھی آجائے، صوفی یحییٰ قادری نے مزید کہا کہ امریکی دباؤ پر قادیانی گستاخ کی رہائی شرمناک ہے، قادیانی گستاخ نے امریکا پہنچ کر بھی پاکستان کو بدنام کیا، دوسری ریاست کے سربراہ سے اپنے مادروطن کی شکایت لگانا غداری کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے عبدالشکور قادیانی اور شان تاثیر پر غداری کا مقدمہ قائم ہونا چاہیئے، عبدالشکور قادیانی سزا مکمل ہونے سے قبل کس طرح رہا ہوا؟ اور کس طرح امریکا پہنچا، اس کی تحقیقات ضروری ہیں، وزیراعظم عمران خان امریکا میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کریں۔