محکمہ زراعت مشینی زراعت کے فروغ کیلئے بھی ایکسپو کا انعقاد کرے گا: محمد محمود
لاہور (نیوز رپورٹر) محمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پہلی پاکستان ہارٹی ایکسپو 2018نے پاکستان میں ہارٹیکلچر کے لئے بین الاقوامی سطح پر نئی منڈیوں کا راستہ کھول دیا ہے۔ ہارٹیکلچرکو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے،اس شعبہ میں نت نئی جہتوں کو متعارف کراتے ہوئے اسے مختصرترین مدت کے دوران ترقی یافتہ اور منافع بخش بنادیا، ہارٹی کلچر کے فروغ کے لئے محکمہ زراعت سال میں دو مرتبہ ہارٹی ایکسپو کا انعقاد کرے گا، ہارٹیکلچر کی بین الاقوامی سطح پر فروغ اور اس کی مارکیٹ کی ترویج کے لئے منعقدہ پہلی پاکستان ہارٹی ایکسپو کو ہر سطح پر بہت سراہا گیا، ایکسپو کی غیر معمولی پذیرائی سے ہارٹیکلچر کے شعبے کو انتہائی منافع بخش ذریعہ آمدن بنانے کے لئے درآمد و برآمد کنندگان، کاشتکار ، ہول سیلرز، ڈسٹری بیوٹرز، ریٹیلرز، اِ ن پُٹ سپلائرز، ایسوسی ایٹس نئی جہتوں سے متعارف ہوئے ہیں اورپاکستان کی زرعی برآمدات کے لئے بین الاقوامی سطح پر نئی راہیں کھلی ہیں۔سیکرٹری زراعت نے مزید بتایا کہ اس ایکسپو میں محکمہ زراعت اور بین لاقوامی کمپنیوں کے مابین ہارٹیکلچر کے شعبے کے فروغ کے لئے کئی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں اور کئی کمپنیوں کو اس ضمن میں نئے آرڈرز بھی ملے ہیں۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت اس پہلی پاکستان ہارٹی ایکسپو کی کامیابی کے بعد کاشتکاروں میں مشینی زراعت کے فروغ کے لئے ہائی ٹیک میکنائزیشن ایکسپو 2018کا انعقاد بھی کرے گااور اس کے ذریعے کاشتکاروں کو ہائی ٹیک مشینری کے استعمال کے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔