عالمی برادری پاکستان کو افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے اہم شراکت دار تصور کرتی ہے.وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کو افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے اہم شراکت دار تصور کرتی ہے۔انہوں نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی بین الاقوامی سکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کی شام دفتر خارجہ کا دورہ کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت کا گزشتہ سال پانچ اگست کا غیرقانونی اور یکطرفہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف تھا۔وزیر خارجہ نے کشمیر کو ایک اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر دیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کا رابطہ مواصلاتی بندش کے ذریعے دنیا سے منقطع کر دیا ہے۔