آنے والی نسل کو پولیو جیسے مہلک مرض کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے:صدرلاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسل کو پولیو جیسے مہلک مرض کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ، یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے ،ہر ایک کو اس بیماری کے خاتمے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک پولیو سے پاک پاکستان کا ہدف حاصل نہیں کر لیتے ہمیں اس کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ صدر لاہور چیمبر نے حکومت ، سکیورٹی فورسز اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے پولیو آگاہی اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے جیسے اقدامات کو سراہتے ہوئے حکومت پر زور بھی دیا کہ وہ ملک بھر میں ہر پانچ سال سے کم عمر بچے کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے ۔ صدر لاہور چیمبر نے پولیو ٹیموں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ ان کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس مہلک مرض سے بچائو کیلئے سب سے ضروری چیز اس سے متعلق آگاہی ہے ۔