اٹلی اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے, اینڈریاس فراررز
پاکستان میں اٹلی کے سفیر اینڈریاس فراررز نے کہا ہے کہ اٹلی اور پاکستان کے درمیان باہمی تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے جس کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور سینئر نائب صدر ناصر حمید خان سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین چودھری خادم حسین اور شاہد نذیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سفیر نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، اس کی معیشت مضبوط اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جن سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیرات اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی وسیع گنجائش ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو تین سے پانچ سال کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان تعلقات مضبوط ہونگے اور باہمی تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ اٹلی یورپ میں پاکستان کا اہم تجارتی حصے دار ہے ، دوطرفہ تجارت میں اصافہ خوش آئند ہے مگر تجارت میں اضافے کی وافر گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019میں پاکستان کی اٹلی کو برآمدات کا حجم 810ملین ڈالر جبکہ درآمدات کا حجم 937ملین ڈالر رہا۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ پاکستان کی اٹلی کو نمایاں برآمدات میں ٹیکسٹائلز، لیدر اور چاول شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تعمیرات، زرعی ٹیکنالوجی ، پلاسٹک، فوڈ، ڈیری ، لائیوسٹاک،فارماسیوٹیکل وغیرہ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کی کافی گنجائش ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان باہمی روابط مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔