مکہ مکرمہ: حج کے ایام کی آمد، غلاف کعبہ 9 ذی الحج تک زمین سے 3 میٹر اونچا کر دیا گیا
ریاض (آئی این پی )حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حسب سابق حج کے ایام کی آمد کے ساتھ ہی غلاف کعبہ کو زمین سے تین میٹر اونچا کر دیا ۔ غلاف کعبہ کو زمین سے اٹھائے جانے کا مقصد حج کے ایام میں غلاف کو کسی قسم کے نقصان اور اس کی قطع وبرید سے محفوظ رکھنا ہے۔ ماضی میں حج کے ایام میں عازمین غلاف کعبہ کو چھونے کے ساتھ اس کے ٹکڑے تبرک کے طور پر کاٹ کر اپنے پاس رکھ لیتے تھے جس سے بیت اللہ کے غلاف کو نقصان پہنچتا تھا مگر اب سعودی حکومت نے غلاف کعبہ کے تحفظ کے لیے حج کے ایام میں اسے بلند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غلاف کعبہ کو زمین سے اونچا کرنے کاعمل تین گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران نمازی اور زائرین کعبہ تسبیح وتہلیل کے ساتھ اللہ رب ذوالجلال کی کبریائی بھی بیان کرتے رہے۔ بیت اللہ کے قریب موجود زائرین نے غلاف کو اوپر اٹھانے کے مناظر کو اپنے موبائل کیمروں میں بھی محفوظ کیا۔غلاف کعبہ نو ذی الحج (یوم عرفہ) کی صبح تک اونچا رکھا جائے گا۔ نو ذی الحج کو خانہ کعبہ کا نیا غلاف بیت اللہ کی زینت بنایا جائے گا اور پہلے غلاف کو اتار لیا جائے گا۔