’’موت کا منظر‘‘ کے مصنف خواجہ محمداسلام 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) معروف کتاب ’’موت کا منظر‘‘ کے مصنف خواجہ محمد اسلام گزشتہ روز اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے 85 سال کی عمر میں اچھرہ لاہور میں انتقال کرگئے۔ خواجہ محمد اسلام کی کتاب موت کا منظر نے بے پناہ شہرت حاصل کی اور اب تک کئی زبانوں میں شائع ہو چکی ہے۔ اس کتاب سے کئی عالمی شخصیات بھی پڑھ کر متاثر ہوئیں۔ شاہ فیصل مرحوم نے خواجہ محمد اسلام کو اپنی دعوت پر حج کروایا اور غلاف کعبہ کے ٹکڑے سمیت دیگر تحائف بھی دئیے۔ اس کے علاوہ خواجہ محمد اسلام نے کتاب جنت کا منظر، حج کا منظر، ماں کی دعا جنت کی ہوا اور تعلیم الاسلام سمیت 33 کے قریب کتابیں تصنیف کیں۔ مرحوم کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان اچھرہ لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا۔ خواجہ محمد اسلام کی وفات پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید، مولانا محمد اکرم کاشمیری، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان، حافظ اسعد عبید، حافظ اجود عبید، مولانا زبیر حسن، حافظ خالد حسن، مولانا فہیم الحسن تھانوی، مولانا مجیب الرحمن انقلابی نے اظہار تعزیت کیا ہے۔