لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے ایک اور کمسن بچی جاں بحق‘ ایک ہفتے میں دوسرا واقعہ
لاہور(صباح نیوز‘ آن لائن)ملتان روڈ پر قاتل ڈور نے ایک اور خاندان اجاڑ دیا اور دھاتی ڈورگردن پر پھرنے سے بچی جاں بحق ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں ملتان روڈ پر یتیم خانہ چوک کے قریب وسیم نامی شخص موٹرسائیکل پر اپنی فیملی کے ہمراہ گزر رہا تھا کہ اس کی 4 سالہ بچی ماہ رخ کے گلے پر ڈور پھر گئی۔ توازن بگڑنے سے موٹر سائیکل بھی گرگئی جس کے نتیجے میں وسیم، اس کی اہلیہ اور3 بچے زخمی ہو گئے۔مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تمام زخمیوں کو سمن آباد ہسپتال پہنچایا تاہم ننھی ماہ رخ اتنی شدید زخمی ہوئی کہ طبی امداد ملنے سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔ لاہور میں ایک ہفتے میں ڈور پھرنے سے بچی جاں بحق ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کیلئے ملت پارک، سمن آباد اور نواں کوٹ تھانوں کی پولیس حدود کے تنازع پر آپس میںجھگڑتی رہی۔ ڈی ایس پی سمن آباد نے جاں بحق بچی کی نعش کو زبردستی لواحقین کو گھر بھجوا دیا۔ ملت پارک پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلی نے بچی کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔شہباز شریف نے کہا پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل در آمد کروایا جائے۔