اے پی ایس کے شہداء کی لازوال قربانی کا مشن آگے بڑھائیں گے
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھوک حسومیں آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید طلبہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیخ رشد شفیق مہمان خصوصی تھے چیف ایگزیکٹو افسر ایجوکیشن اتھارٹی جاوید اقبال اعوان ، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان ، اساتذہ سمیت بڑی تعداد میں بچوں کے والدین بھی تقریب میں موجود تھے تقریب کے شرکاء نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ شہید طلبہ کی جانب سے ملک و قوم کیلئے دی گئی اس لازوال قربانی کے مشن کو آگے لے کر چلیں گے جس میں پاکستان دہشت گردی سے پاک ہوگا ہم اے پی ایس کے شہداء کو ہمیشہ اپنے دلوں اور ذہنوں میں یاد رکھیں گے تقریب سے شیخ راشد شفیق ایم این اے ، سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال اعوان ، سکول کی پرنسپل شہناز جبین ، ڈی ای او سیکنڈری سکول راولپنڈی عامر اقبال نے خطاب کیا تقریب کا نمایاں پہلو اس میں سانحہ اے پی ایس میں زخمی ہونے والے طالبعلم عبداللہ اور ان کی والدہ کی خصوصی شرکت تھی جن کا تقریب میں کھڑے ہوکر استقبال کیا گیاتقریب کے شرکاء نے کمسن طالبعلم اور ان کی والدہ کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا ۔