سندھ میں کئی محکموں کے انتظامی سیکریٹریز تبدیل
کراچی(وقائع نگار) حکومت سندھ نے بیورو کریسی میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے متعدد محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے تبادلے اور تعیناتی کے احکامات جاری کئے ہیں جن کے مطابق محکمہ خزانہ‘ محکمہ بلدیات‘ محکمہ پبلک ہیلتھ‘ ورکس اینڈ سروسز‘ سیپرا‘ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر محکموں اور شعبوں میں افسران کو ہٹایا اوران کی ذمہ داریاں تبدیل کی گئی ہیں سید حسن نقوی کو ایک بار پھر صوبے کا سیکرٹری خزانہ تعینات کیا گیا ہے اور خالد حیدر شاہ کو ان کی جگہ سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جبکہ بلدیات میں روشن علی شیخ کو سیکرٹری تعینات کرتے ہوئے ڈاکٹر نیاز علی عباسی کو سیکرٹری پبلک ہیلتھ بنادیاگیاہے۔ عمران عطا سومرو کو سیکرٹری ورکس اینڈ سروسز تعینات کردیا گیا ہے۔ ان کے پاس محکمہ اطلاعات کااضافی چارج بھی رہے گا۔ عبد الرحیم شیخ کو ایم ڈی سندھ پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(سیپرا) تعینات کیا گیا ہے۔ سید امتیاز علی شاہ کو سیکرٹری اسپورٹس یوتھ افیئرز تعینات کیا گیا ہے اور اختر حسین بگٹی کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ احسن علی منگی کو سیکرٹری اسکول ایجوکیشن تعینات کیا گیا ہے ان کے پاس سیکرٹری سرمایہ کاری کا اضافی چارج بھی رہے گا۔ شاہد پرویز قاضی کو سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو تعینات کیا گیا ہے۔ اسلم غوری کو سیکرٹری ٹریننگ مینجمنٹ اینڈ ریسرچ ونگ تعینات کیا گیا ۔ تمیز الدین کھیڑو کو ممبر(آر اینڈ ایس) بورڈ آف ریونیو تعینات کیا گیا ہے۔ محمد عثمان چاچڑ کو چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔