صحت سمیت تمام اداروں میں کرپٹ عناصر کیلئے کوئی جگہ نہیں: حنیف پتافی
ڈیرہ غازیخان(نمائندہ خصوصی)مشیر صحت پنجاب محمد حنیف خان پتافی نے کہا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان سمیت صحت کے تمام اداروں میں کرپٹ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے،ایم ایس ہسپتال کا تبادلہ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں ’’ایمرجنسی ریسپانس ‘‘کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے جس کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں جس سطح پر بھی سخت اقدامات کرنا پڑے کریںگے۔ انہوں نے کہا تبدیلی کے لیے ووٹ ملا ہے ،عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا سپاہی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ٹیم کا حصہ بننے پر فخر ہے انشااللہ مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا اپنے حلقہ انتخاب میں زیادہ وقت گزار رہا ہوں حلقہ کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے روزانہ کی بنیاد پر دو ٹائم عوامی کھلی کچہری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔