نرسوں کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں: رفیق احمد خاصخیلی
کراچی (نیو رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر نائب صدر رفیق احمد خاصخیلی ،صوبائی رہنما حاکم پالاری اور کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ نرسوں کو اپنے حق کے لئے سڑکوں پر آنے پر مجبور کرنے والے حکمرانوں کو شرم آنی چاہئے ۔سندھ بھر کی نرسیں سڑکوں پر ہیں ،سرکاری ہسپتالوں کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے ،مریض تڑپ رہے ہیں ان کے تیماردار اپنے مریضوں کو یا تو علاقائی کلینکوں یا پھر مہنگے قصائی ہسپتالوں میں علاج کے لئے لے جانے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔حکومت فی الفور نرسوں کے جائز مطالبات پورے کرے اور ان کا حق ادا کرے ۔ چائلڈ قوانین پر عمل درآمد کے لئے ضروری ہے کہ پہلے ان مجبور بچوں اور ان کے گھر والوں کی کفالت کی جائے ، بچوں کی مشقت کی اصل وجہ خود حکومت کی ظالمانہ پالیسیاں ہیں ،غریب بچے اور ان کے گھر والے بھوکے ہوں گے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ بچہ مشقت پر مجبور نہ ہو۔ حکومت اور ملک میں چلنے والے تمام ٹرسٹی اداروں کو متفقہ طور پر ایک ایسا پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے کہ جس میں غریب بچوں اور ان کے گھر والوںکی کفالت کو ممکن بنایا جاسکے اور غریب بچوںکو تعلیم سے آراستہ کرکے ان کے مستقبل کو شاندار بنانے کے لئے موٗثر نظام بنایا جاسکے ۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں رفیق احمد خاصخیلی ،حاکم پالاری اور سردار ذوالفقارنے کہا کہ احساس پروگرام بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مختلف نہیں ، اس طرح کے پروگرام نواز شریف دور میں بھی دیئے گئے مگر ان پروگراموںسے آج تک غربت ختم نہیں ہوئی ۔عوام کو احساس پروگرام کی نہیں بلکہ عوام کا احساس اورغربت کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جو حکومت کرہی نہیں رہی ۔ انہوںنے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک کو آزادہوئے 80سال ہورہے ہیں اب تک ہم نہ تو غربت کا خاتمہ کرسکے نہ ہی نرسوں اور عوام کو ان کے حقوق دے سکے ہیں۔حکومت کو عوام کے مسائل کے حل کے لئے سود مند اور موٗثر قدم اٹھانا ہوگا ۔