مسجد اقصیٰ میں نماز پر پابندی اور بے حرمتی کی مذمت کرتے ہیں: طاہر اشرفی
لاہو(خصوصی نامہ نگار)مختلف مکاتب فکر اور مسالک کے قائدین کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں نماز پر پابندی اور بے حرمتی کی مذمت، صہیونی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو بند کرنے کے اقدام کے خلاف تمام مذاہب اور مسالک کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی۔ 19 جولائی کو اسلام آباد میں تحفظ ارض الحرمین الشریفین والاقصیٰ کانفرنس منعقد ہو گی ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ہونے والے مختلف مکاتب فکر اور مسالک کے قائدین کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ، اجلاس کی صدارت پاکستان علماء کونسل (اشرفی)کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ، اجلاس میں مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا عبد الحمید صابری، مولانا عاصم مخدو م اور دیگر شریک تھے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تین روز سے مسجد اقصیٰ میں نماز پر پابندی لگائی گئی ہے اورپچاس سال میں پہلی مرتبہ الاقصیٰ کے دروازے بند کر دیے گئے۔