کیچ حملہ نفرت انگیز اقد ام، پاکستانی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں: ایران
تہران (آئی این پی) ایرانی وزارت خارجہ نے بلوچستان کے علاقے گچ میں سرحدی چوکی پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام پاکستانی بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، ایران علاقے میں دہشتگردی کی لعنت سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بلوچستان میں دہشتگرد حملے کی مذمت اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام پاکستانی بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ قاسمی نے اس واقعے کو نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے پاکستانی قوم اور حکومت بالخصوص جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ایران علاقے میں دہشتگردی کی لعنت سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔