پیپلز پارٹی تاجروں پر تشدد کی مذمت کرتی ہے: شکیل عباسی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تاجر برادری کے موقف کی حمایت کی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے لے کر قانون کرایہ داری کے نفاذ تک ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے‘ آبپارہ کا واقعہ قابل مذمت ہے‘ ہم اپوزیشن لیڈر‘ پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید سے اپیل کرتے ہیں کہ تاجروں کو تحفظ دینے اور قانون کرایہ داری کے نفاذ کے لئے حکومتی ایوانوں میں آواز اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی ضلع اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی اور سیکرٹری اطلاعات ملک سجاد نے اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں‘ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے‘ اجمل بلوچ سمیت ہر تاجر پیپلز پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہے۔ ملک سجاد نے کہا کہ تاجروں کو تحفظ دینے کے لئے حکومت اقدامات کرے۔ پیپلز پارٹی ضلع اسلام آباد تاجروں کے حقوق‘ تحفظ کے لئے ہر قربانی دے گی۔