احتساب نہ ہو تو جمہوریت حقیقی طور پر ڈلیور نہیں ہو پاتی: گورنر پنجاب
لاہور (کلچرل رپورٹر) جن ملکوں میں احتساب نہیں ہوتا وہاں جمہوریت حقیقی طور پر ڈلیور نہیں کر پاتی۔ پاکستان میں کامیابی کیلئے جمہوریت کو کردار اور تعلیم سے لنک کرنا ہوگاتب ہی عوامی نمائندے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ یہ بات قابل افسوس ہے کہ ابھی تک ہم اس بحث میں پڑے ہیں کہ اسلام میں جمہوریت ہے کہ نہیں۔ برطانیہ اور دوسرے مغربی ممالک میں جمہوریت اس لئے کامیاب ہے کہ وہاں سخت احتساب ہوتا ہے اور تعلیمی معیار بلند ہے۔ لیکن مغربی جمہوری ممالک کے بھی دوہرے معیار ہیں خصوصی طور پر غزہ اور عراق کے معاملے میں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ٹیک سوسائٹی کلب میں ’’پاکستان اور مغربی جمہوریت ‘‘ کے موضوع پر ہونیوالی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام، سابق وفاقی وزیر قانون ایس۔ایم ظفر، سابق وزیر مملکت قیوم نظامی، صدر ٹیک سوسائٹی زبیر شیخ، جمیل گشکوری اور ڈاکٹر محمد صادق نے بھی اظہار خیال کیا۔