جامعہ کراچی میں کورونا بچاؤ اسپرے
کراچی (نیوزرپورٹر) اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی نے الخدمت کے تعاون سے تعلیمی سلسلے کے آغاز سے قبل جامعہ کراچی کے مختلف شعبوں، راہ داریوں اور انتظامی بلڈنگ میں جراثیم کش اسپرے کیا۔ اس موقع پر ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی شعور تنولی کا کہنا تھا کہ جمعیت نے اپنی مدد آپ کے تحت جامعہ کراچی کے طلبہ و طالبات کی خاطر صحت کی خاطر مختلف شعبہ جات، راہ داریوں اور انتظامی امور کی بلڈنگ میں جراثیم کش اسپرے کیا، جسے تمام متعلقین نے خوب سراہا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی ان شااللہ مستقبل میں بھی طلبہ و طالبات کے مفاد کے لیے سرگرم عمل رہی گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی، جامعہ کے طلبہ و طالبات کے حفظانِ صحت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کل ۱۵؍ ستمبر کو اندرونِ جامعہ فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر فراہم کرے گی۔