رفاہ یونیورسٹی میں یوم طلبہ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد
اسلام آباد (نا مہ نگار)رفاہ یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ امور طلبہ اور رفاہ سٹود نٹس سوسائٹی آف ایکسیلنس کے زیر اہتمام طلبہ وطالبات کے لئے ایک روزہ یوم طلبہ کا انعقاد کیا گیا جس میں چانسلر رفاہ یونیورسٹی حسن محمد خان،ڈپٹی وائس چانسلر ڈاکٹر انوار الحق اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجینئر اسد اللہ خان نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر حسن محمد خان نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ امور کی ادائیگی ، کھیل اور تفریح کی مثبت روایات کو تعلیمی اداروں میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اس وقت معاشرےمیں نوجوانوں کی گمراہی کا ایک سبب تعلیمی اداروں میں کردار سازی کی کمی اور نتیجہ آور سرگرمیوں کے انعقاد کی کمی سے ہے تاہم رفاہ یونیورسٹی اس سلسلہ میں طلبہ کی تربیت اور تفریح کے لئے موئثر اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر رفاہ انسٹیٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز ، رفاہ کالج آف ریہبلیٹیسن سائنسز اور اسلامک انٹرنیشنل ڈینٹل کالج کے طلبہ و طالبات نے فوڈ سٹال اور مقابلہ مصوری، کھیل اور دیگر مقابلہ جات میں کثیر تعداد میں حصہ لیا ۔