آزاد کشمیرمیں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا,مختلف مقامات پر جلسے جلوس اور ریلیاں
آزاد کشمیر بھر میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے، تمام ضلعی و تحصیلی صدر مقامات پر جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، پورا خطہ بھارت مخالف نعروں سے گونج اٹھا۔ راولاکوٹ میں بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں عوام، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، تاجروں، انتظامیہ کے آفیسران اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر شرکاء نے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے انہوں نے مودی کا پتلا نذرِ آتش کیا اور کہا کہ جمہوریت کے نام نہاد دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہا کردی، اس کی آئینی حیثیت ختم کی جا رہی ہے، گیارہ روز سے کرفیو لگا کر کشمیریوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے ، جس کے خلاف اقوام عالم کی خاموشی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔